شاعری

دیوان ِ منصور سے ……………………………….. کلام منصور آفاق

کلام ……………….. منصور آفاق
میرے دردِ لادوا تھوڑی سی دیر
چائے پی لے ، بیٹھ جا تھوڑی سی دیر
مل ملا کچھ ، سن سنا تھوڑی سی دیر
اور کچھ تُو دل جلا تھوڑی سی دیر
ساتھ سورج کے نکلنا ہے مجھے
نیند کر لوں دوستا تھوڑی سی دیر
اور چل قوسِ قزح پہ میرے ساتھ
اے ہوائے دلربا تھوڑی سی دیر
رک گئے تھے ایک پتھر کے قریب
چاہتے تھے حوصلہ تھوڑی سی دیر
اور پھر دریا کی جانب چل دیا
انتظار اپنا کیا تھوڑی سی دیر
اِس جگہ اک پیڑ ہوتا تھا مرا
بیٹھنے دے اِس جگہ تھوڑی سی دیر
میں سنبھل جائوں گا جلدی جانِ من
دے مجھے بس آسرا تھوڑی سی دیر
یاد آتا ہے تو جی اٹھتا ہوں میں
اک ترا وہ دیکھنا تھوڑی سی دیر
موم بتی پہ نظر مرکوز رکھ
بے وفا کو بھول جا تھوڑی سی دیر
عمر بھر کرنی ہے اُس سے گفتگو
دیکھنا ہے خواب کیا تھوڑی سی دیر
نا امیدی نے کہا ”در بند کر”
پُر یقیں دل نے کہا ”تھوڑی سی دیر”
موسمِ گل سے گریزاں ماہ تاب
سُن درختوں کا گلہ تھوڑی سی دیر
گر پڑی اربوں بجٹ کی میٹرو
کھل کے برسا ابر تھا تھوڑی سی دیر
جاگنا اب عمر بھر آنکھوں کو ہے
سو لیا جو سو لیا تھوڑی سی دیر
بن رہی ہے شکل کوئی اِس کے بیچ
دیکھنے دے آئینہ تھوڑی سی دیر
آ مری صبح ِ چمن ! تبدیل کر
رنگ قبرستان کا تھوڑی سی دیر
صبر کے منصور مطلب کو سمجھ
استقامت اب دکھا تھوڑی سی دیر

Back to top button