سماجیات

میانوالی میں مرد کی بالا دستی چیلنج ۔۔۔ عورت کی جانب سے مرد پر تیزاب پھینکنے کا دوسرا واقعہ

میانوالی میں مرد کی بالا دستی چیلنج ۔۔۔ عورت کی جانب سے مرد پر تیزاب پھینکنے کا دوسرا واقعہ
موسیٰ خیل کی زینت بی بی نے کزن پر تیزاب پھینک دیا ۔
میانوالی ( نیلاب نیٹ ورک رپورٹ ) میانوالی کے قبائلی طرز معاشرت میں جہاں کبھی عورت کو مرد کی جائیداد سمجھا جاتا تھا ۔ اب عورت مرد پر حاوی ہونے لگی ہے ۔ یہاں 2001 ء سے پہلے عورت کو مرد کے گناہوں کی بھینٹ چڑھایا جاتا تھا ۔ صلح کے بدلے دوشیزاؤں کے رشتے دینے کا رواج عام تھا ۔ لیکن ضلع میانوالی میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران عورت کی جانب سے مرد پر تیزاب پھینکنے کے دو واقعات رونماء ہوئے ہیں ۔ تازہ ترین واقعہ تھانہ موسیٰ خیل کے علاقے شیروخیلانوالہ میں رونماء ہوا جہاں زینت بی بی نامی لڑکی نے اپنے کزن وقاص پر تیزاب پھینک دیا ۔ جس سے وقاص بُری طرح جھلس گیا ۔ وقاص کو ڈی ایچ کیو میانوالی لایا گیا جہاں سے اُسے فوری طور پر علاج کے لیئے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ۔ مبینہ طور پر بتایا گیا ہے کہ وقاص اپنی کزن زینت بی بی کو تنگ کرتا تھا جس پر تنگ آکر اُس نے تیزاب پھینک دیا۔تھانہ موسیٰ خیل پولیس نے زینت بی بی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے زینت بی بی کے خلاف درج ایف آئی آر نمبر 117/2016 میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔۔۔۔۔۔ تاہم زینت بی بی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس سے دو ہفتے قبل علاقہ پائی خیل کی رہائشی مسرت بی بی نے اپنے شوہر ناصر خان پر اُس وقت تیزاب پھینک دیا تھا جب وہ اپنے گھر میں سویا ہواتھا ۔واردات کے بعد مسرت بی بی اپنے چھوٹے بچے کو لے کر فرار ہو گئی تھی ۔ مسرت بی بی کے خلاف بھی تھانہ پائی خیل میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا تھا ۔

Back to top button