سینٹ اجلاس ٗ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کا سانحہ کوئٹہ پر بحث کے دور ا ن وزراء کی عدم موجودگی پر احتجاج ٗ ایوان سے واک آؤٹ کیا
ہم کس کو اپنی بات سنائیں‘ یہاں حکومت کی طرف سے ہماری بات سننے والا کوئی موجود ہی نہیں ہے ٗ اعتزاز احسن
اسلام آباد (این این آئی) سینٹ میں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے سانحہ کوئٹہ پر بحث کے دوران وزراء کی عدم موجودگی پر احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ سانحہ پر بحث ہو رہی ہے اور حکومتی بنچوں پر وزراء موجود نہیں‘ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے‘ وزراء آئے اور چلے گئے۔ وزیر داخلہ کو موجود ہونا چاہیے‘ ہم احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں ٗہم کس کو اپنی بات سنائیں‘ یہاں حکومت کی طرف سے ہماری بات سننے والا کوئی موجود ہی نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ صدر نشین نے سینیٹر مشاہد اللہ خان کو ہدایت کی کہ واک آؤٹ کرنے والے ارکان کو منا کر لائیں اس کے ساتھ ہی سینیٹر کلثوم پروین نے کورم کی نشاندہی کردی جس پر صدر نشین نے گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی۔ پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائے جانے کے بعد صدر نشین نے گنتی کرائی تو کورم پورا نہ ہوسکا جس پر صدر نشین سینیٹر احمد حسن نے اجلاس آدھے گھنٹے کیلئے ملتوی کردیا۔

حصہ