ہماری کارکردگی سے ملک استحکام کی راہ پر چل نکلا، وزیراعظم

لاہور: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ ہماری کارکردگی سب کو نظر آرہی ہے جس سے پاکستان استحکام کی راہ پرچل نکلا ہے جب کہ عوام کو ماضی کے حکمرانوں کا احتساب کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نوازشریف نے لاہور میں گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کردیا جب کہ انہوں نے پارک کے مختلف حصوں کاجائزہ لیا جہاں وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ گریٹر اقبال پارک میں لکھ کر لگا دینا چاہیے کہ یہ دھرنے کی جگہ نہیں ہے، تاریخی عمارتوں کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جب کہ ماضی کی حکومتوں نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹراقبال پارک ایک زمین کا ٹکڑا نہیں اس میں ماضی کی یادیں موجود ہیں، پارک میں عظیم ہستی علامہ اقبال کی آخری آرام گاہ بھی موجود ہے جو کہ تاریخ کواپنے دامن میں سمیٹےہوئے ہے، پارک میں تمام سہولیات میسر ہیں جب کہ منصوبےکو پایہ تکمیل تک پہنچانے پروزیراعلیٰ شہبازشریف مبارک کےمستحق ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل وکرم سے پاکستان میں خوشحالی آرہی ہے، آج ملک میں دہشت گردی کاخاتمہ ممکن ہوا ہے، بلوچستان میں تیزی سے ترقی ہورہی ہے اور یہ صوبہ خیبرپختونخوا سے مل رہا ہے، بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے جس کے باعث اب کوئٹہ سے گوادر جانے میں 8 گھنٹے لگتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے منصوبے بہت تیزی سے مکمل ہورہے ہیں، بجلی آئے گی تو روزگارآئے گا، انڈسٹریاں لگیں گی، ماضی میں بجلی کے سیکٹر پر توجہ نہیں دی گئی، بجلی کی قلت کا مسئلہ کس نے پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کوماضی کے حکمرانوں سے پوچھنا چاہیے، عوام ان حکمرانوں کا احتساب کرے، چین جیسا ملک پنجاب میں ہونے والے کاموں میں تیزی کی بات کررہا ہے، ہماری کارکردگی سب کو نظر آرہی ہے جس سے پاکستان استحکام کی راہ پرچل نکلا ہے۔

حصہ