میانوالی کے مزدور اور عوام لاوارث نہیں ۔ ظالمانہ اور سوتیلے پن کا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ عمران خان
پاکستا تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ میرے انتخابی حلقہ این اے71 میانوالی میں صنعتکاروں کی جانب سے مزدوروں اور صنعتی ملازمین کے ساتھ ظلم و ستم کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا ہے میانوالی کے لوگوں نے اسکندر آباد کے انڈسٹریل ایریا کے لیئے اپنی قیمتی زمینیں فراہم کی تھیں مگر بعد میں نواز شریف کی حکومت نے یہ صنعتی ادارے پرائیویٹ مالکان کو فروخت کرکے مزدوراور ملازمین کو مالکان کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ سیمنٹ فیکٹری داؤد خیل سے 20 ڈرائیوروں کی ملازمت سے برطرفی کی خبریں افسوسناک ہیں ۔ عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی امجد علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے میانوالی کے عوام خصوصاً این اے 71 کے عوام کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی ۔ انہوں نے امجد علی خان کو ہدایت کی کہ وہ صورتحال کو مانیٹر کریں اور معاملے کی حتمی رپورٹ پیش کریں ۔ اس سے قبل امجد علی خان نے چیئر مین پی ٹی آئی کو بتایا کہ داؤد خیل سیمنٹ فیکٹری کے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ 20 ڈرائیوروں کو ملازمت سے برخواست کرنے بعد مبینہ طور پر 100 سے زائد ملازمین کی مزید فہرست تیار کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں ہاؤسنگ کالونی کے سکولوں کی فیسوں میں بھی ہوش رُبا اضافہ کر دیا گیا ہے جو کالونی کے مکینوں کی استطاعت سے باہر ہے ۔

حصہ