ڈیرہ اسماعیل خان(عنایت عادل)ڈیرہ کی صحافتی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات، کانٹے دار مقابلے کے بعد ابولمعظم ترابی 23ووٹوں کے ساتھ ڈیرہ یونین آف جرنلسٹس کے صدر جبکہ وزیر جعفر زکوڑی23ووٹ لے کر جنرل سیکرٹری کی نشست پر کامیاب۔ امیدوار برائے صدارت نعیم جبران 21جبکہ امیدوار برائے جنرل سیکرٹری عنایت عادل20ووٹ حاصل کر سکے۔ کامیاب امیدواروں کو تمام ارکان اور مد مقابل امیدواروں کی جانب سے مبارکباد اور مکمل تعاون کی یقین دہانی۔ ڈی یو جے کے ارکان کی الیکشن میں بھرپور شرکت اور جوش وخروش دراصل صحافتی تنظیموں میں جمہوریت کی ابتدا ء ہے، الیکشن کے بعد مقررین کا خطاب۔تفصیلات کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان کی صحافتی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابی عمل کامظاہرہ اس وقت سامنے آیا کہ جب ڈیرہ اسماعیل خان کی سب سے بڑی تنظیم ڈیرہ یونین آف جرنلسٹس کے صدر اور جنرل سیکرٹری کے انتخاب کا انعقاد کیا گیا۔44 مستقل ارکان کی جانب سے ڈالے گئے ووٹوں کی بنیاد پر صدارت اور جنرل سیکرٹری کی نشستوں کے حصول کے لئے ہر دو نشستوں پر دو دو امیدوار میدان میں تھے۔ جوش و خروش سے چلائی جانے والی انتخابی مہم اور یونین کے تمام ارکان کی جانب سے بھرپور شرکت سے مزین ان انتخابات میں دونوں نشستوں پر کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا جس کے نتیجے میں صدر کی نشست پر ابولمعظم ترابی 23ووٹ لے کر صدر منتخب کر لئے گئے جبکہ ان کے مقابلے میں نعیم جبران کو 21ارکان کی حمایت حاصل رہی۔اسی طرح جنرل سیکرٹری کی نشست پر عنایت عادل کے حاصل کردہ 20ووٹوں کے مقابلے میں وزیر جعفر زکوڑی 23ووٹوں کے ساتھ کامیاب قرار دئیے گئے۔انتخابی مرحلے کے بعد یونین کے سرکردہ راہنماؤں اور مقابلے میں حصہ لینے والے ہر دو امیدواروں کی جانب سے کئے جانے والے خطابات میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا گیا کہ ڈیرہ یونین آف جرنلسٹس ایک مضبوط صحافتی تنظیم ہی نہیں بلکہ ایک مکمل طور پر جمہوری تنظیم ہے جہاں فیصلے من مرضی کے مطابق نہیں بلکہ ارکان کے حق رائے دہی کے تحت کئے جاتے ہیں۔ مقررین نے نو منتخب عہدیداران کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کے ساتھ ساتھ اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب صدر و جنرل سیکرٹری ڈی یو جے کو مذید مضبوط بنانے اور ڈیرہ کی صحافت کو مثبت روئیوں کی جانب گامزن کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔سرکٹ ہاؤس ڈیرہ میں منعقد کردہ ڈی یو جے کے ان انتخابات کے لئے پولنگ گزشتہ روز صبح 10بجے شروع ہوئی جو کہ دوپہر 12بجے تک بلا کسی تعطل کے جاری رہی۔جوش وخروش اور باہمی ہم آہنگی پر مشتمل ان انتخابات کی بطورالیکشن کمشنرنگرانی انفارمیشن ڈائریکٹرقاضی فضل احمدکی جبکہ انہیں صوبائی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے خصوصی نمائندہ محمدیوسف خان اورڈی یو جے کی مخصوص الیکشن کمیٹی ، جس میں محمد سہیل اعظمی، سعید اختر بلوچ اور عرفان مغل شامل تھے، کی معاونت حاصل تھی۔

حصہ